گورنر ہاؤس کراچی میں فائر ٹینڈرز بلدیہ عظمیٰ (کے ایم سی) کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں 52 فائر ٹینڈرز کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے حوالے کر دیئے گئے۔
تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اسد عمر، علی زیدی اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے بھی شرکت کی۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی کو 24 سال بعد فائر ٹینڈر دیئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو بھی فائر ٹینڈرز دیئے جائیں گے۔
لئیق احمد نے مزید کہا کہ صنعتی علاقوں میں جہاں زیادہ آگ لگتی ہے اب وہاں بھی فائر ٹینڈر موجود ہوں گے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا تقریب سے خطاب میں یہ بھی کہنا تھا کہ یہ نئے فائر ٹینڈرز کم سے کم وقت میں آگ لگنے کی جگہ پہنچ سکیں گے۔