• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی ہر ماہ کے بجٹس میں محسوس کریں گے، مفتاح اسماعیل


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ یہ ہے وہ تبدیلی جو ہر ماہ کے بجٹس میں محسوس ہوگی۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ماہ بجلی کے بیس ٹیرف میں 1 روپے 95 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیپرا نے دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 53 پیسے فی یونٹ اضافے کا تعین کیا جبکہ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 83 پیسے فی یونٹ اضافے کا تعین کیا گیا۔


سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ فروری کے بجلی بل میں یہ 4 روپے 31 پیسے فی یونٹ سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ ہے وہ تبدیلی جو ہم اپنے ماہانہ بجٹس میں محسوس کریں گے، حکومت ذمہ داری لینے کے بجائے ن لیگ کی گزشتہ حکومت کو مورد الزام ٹھہراتی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ جب ملک بھر میں بلیک آؤٹ ہوا تو وزیر نے مسلم لیگ ن کو مورد الزام ٹھرایا، جب ان سے پوچھا گیا اصل میں ہوا کیا تو جواب تھا معلوم نہیں، وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ یہ ن لیگ کا فالٹ ہے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بعد میں پتہ چلا کہ پی ٹی آئی کے آئن اسٹائن معمول کی مینٹیننس بھول گئے تھے، پی ٹی آئی بنیادی ٹیرف میں اضافے کا ملبہ بھی ن لیگ پر ڈالتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں مسلم لیگ ن کے دور میں پاور پلانٹس کے قیام میں مقررہ لاگت زیادہ رکھی گئی، ن لیگ کے دور میں پاور پلانٹس پر مجموعی طور پر گزشتہ ادوار سے کم خرچ ہوئے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 2013 میں ملک بھر میں 12 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی، اس صورتحال میں ہمیں پاور پلانٹس لگانے تھے، مسلم لیگ ن کے دور میں سستے ترین تھرمل پاور پلانٹس لگائے گئے۔

تازہ ترین