• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ، ن لیگ بڑے بھائی کی حیثیت سے ایڈجسٹمنٹ کر رہی ہے، احسن اقبال


کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ انتخابی اتحاد نہیں ہے،اصولا پیپلز پارٹی کوپنجاب سے امیدوار واپس لے لینے چاہئیں،پی ڈی ایم جماعتیں سینیٹ انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار نہیں کھڑے کرینگی، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےپیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی نسبت سینیٹ الیکشن میں ووٹنگ پیٹرن مختلف ہوتا ہے، پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں سب سے دلچسپ الیکشن قومی اسمبلی میں ہونگے، یہاں حکومت کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ جبکہ اپوزیشن کے امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہیں، قومی اسمبلی میں حکومت اور اتحادیوں کی 180نشستیں جبکہ اپوزیشن کی 159ہیں، یوسف رضا گیلانی الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو اس کا مطلب ہوگا حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہے، پیپلز پارٹی کا دعویٰ درست ثابت ہوجائے گا کہ حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوسکتی ہے۔ شہزاد اقبال نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن میں بلوچستان سے جنرل نشست پر عبدالقادر کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان کو یہ فیصلہ 24گھنٹوں میں ہی تبدیل کرنا پڑا، پارٹی کے اندرونی دباؤ اور میڈیا کے سوالات کی وجہ سے سینیٹ کا ٹکٹ بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالقادر سے لے کر پی ٹی آئی کے ظہور آغا کو دینے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان کے اس بروقت فیصلے کو تحریک انصاف بلوچستان کے رہنما ایک احسن فیصلہ قرار دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ عبدالقادر آؤٹ سائیڈر تھے انہیں ٹکٹ دینے کا فیصلہ غلط تھا لیکن اس غلط فیصلے کو فوری طور پر درست کرلینا تحریک انصاف میں جمہوریت ہونے کا ثبوت ہے اور وہ اس فیصلے پر وزیر اعظم کے شکرگزار ہیں، ہم نے اپنے کل کے لائیو پروگرام میں عبدالقادر کو یہ بتایا کہ ہمارے ذرائع تصدیق کررہے ہیں کہ آپ سے سینیٹ کا ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے تو انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں یہ فیصلہ سوشل میڈیا کے دباؤ میں کیا گیا ہے لیکن وہ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو خوشدلی سے تسلیم کرتے ہیں۔

تازہ ترین