اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے چیف کمشنر نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی میں پولیس اور حساس اداروں کے نمائندے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، ایس پی صدر، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او مارگلہ کے علاوہ آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس میں ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار سے مدد لے گی جبکہ تھانہ مارگلہ اور رمنا میں اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیسزکی تفتیش کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرانے کے خلاف چند وکلاء نے پرتشد احتجاج کیا تھا۔
مشتعل وکلاء نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے بلاک میں کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے تھے اور چیمبر کے باہر نعرے بازی بھی کی تھی۔
مشتعل وکلاء کے حملے کے باعث چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ اپنے چیمبر میں محصور ہو گئے تھے جس کے بعد حملے میں ملوث 17 وکلاء کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔