معروف گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ابرار الحق نے کے ٹو پر لاپتہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا دیرینہ خواب پورا کرنے میدان میں آگئے۔
ابرار الحق نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یہ معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اپنے گاؤں میں اسکول بنوانا چاہتے تھے۔
گلوکارنے کہا کہ علی سدپارہ کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ان کے گاؤں میں اسکول بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو جلد قیام پزیر ہوگا۔
اس ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے فخرِ عالم نے کہا کہ ابرار الحق کی جانب سے یہ ایک بہترین اقدام ہے۔
انہوں نے اس اقدام میں اپنا حصہ ڈالنے کی پیشکش کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے بھی بتائیں کہ میں اس میں کیسے حصہ ڈال سکتا ہوں۔
واضح رہے کہ موسم سرما میں دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑK2 سرکرنے کی مہم جوئی کے دوران علی سد پارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیما جان اسنوری اور جوان پابلو 5 فروری سے لاپتہ ہیں۔
علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے گزشتہ دنوں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد کے بچنے کے چانسز انتہائی کم ہیں۔
کے ٹو پر چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث گراؤنڈ پر امدادی آپریشن بند کردیا گیا تھا۔ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے پاک فوج کی جانب سے سرویلینس طیارہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔