اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) بلوچستان سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے لواحقین کا احتجاجی کیمپ پیر کو پانچویں روز بھی اسلام آباد میں جاری رہا جہاں انہوں نےخبردار کیا کہ وہ آج احتجاجی ریلی کی صورت میں ڈی چوک جائیں گے، وزیر اعظم سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں وہیں دھرنا د یں گے ،گزشتہ روزپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین وائس آف مسنگ پرسنز نصراللہ بلوچ نے کہا کہ آج ہمارے احتجاج کا 5واں روز ہے لیکن حکومت نے ہم سے اظہار ہمدردی نہیں کیا ، ہم وزیراعظم عمران خان اور ملکی اداروں کے سربراہان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ لاپتہ افراد کے مسئلے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھیں اور لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے کوئی الزامات ہیں توانہیں عدالت میں پیش کیا جائے جو اس دنیا میں نہیں ہے ان کے خاندانوں کو بتایا جائے جبری گمشدگیوں کو ملکی قوانین کے مطابق حل کیا جائے ۔