• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والی خاتون سائنسدان کون؟

کراچی میں پیدا ہونے والی آصفہ اختر عالمی شہرت یافتہ جرمن ادارے ماکس پلانک سوسائٹی کے حیاتیات اور طب کے سیکشن کی سربراہی کرنے والی پہلی بین الاقوامی خاتون نائب صدر بن گئی ہیں۔

1971 کو کراچی میں پیدا ہونے والی آصفہ اختر پہلی پاکستانی ماہر حیاتیات ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

آصفہ اختر نے 1997 میں لندن کے امپیریل کینسر ریسرچ فنڈ میں ڈاکٹریٹ حاصل کی اس کے بعد وہ جرمنی شفٹ ہوگئی جہاں انہوں نے 1998 سے 2001 تک ہیڈلبرگ میں یوروپی بیالوجی لیبارٹری(ای ایم بی ایل) اور میونخ میں ایڈولف بٹنینڈ انسٹی ٹیوٹ میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کی ہے۔

جرمنی کی ماکس پلانک سوسائٹی کو عالمی شہرت حاصل ہے۔ اس کے ذیلی اداروں ميں اعلیٰ درجے کی سائنسی تحقیق کی جاتی ہے۔

اس کی عالمی شہرت کی وجہ یہ بھی ہے کہ سن 1948 سے لے کر اب تک ماکس پلانک سوسائٹی کے 18 محققين نوبل انعامات حاصل کر چکے ہيں۔

ڈاکٹر آصفہ ماکس پلانک سوسائٹی یا ’ایم پی جی‘ کے بائیولوجی اور میڈیسن کے سیکشن کی نائب صدر کی حیثیت سے اس سیکشن کی انچارج ہوں گی اور وہ ماکس پلانک اسکولوں کے لیے کانٹیکٹ پرسن کی خدمات بھی سرانجام دیں گی۔


انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک بیان میں ڈاکٹر آصفہ نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو مستقبل کے لیے عملی حکمت عملی تشکیل دینے کا ایک بہترین موقع خیال کرتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’اس عہدے کے متعدد پہلو ہیں، جس میں مواصلات، بین الاقوامیت، تنوع، نوجوان سائنسدانوں کے کیریئر کی ترقی اور مجموعی طور پر جرمن سائنسی عمل کو مستحکم بنانا شامل ہے۔‘

تازہ ترین