حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان مسائلستان بن چکا ہے‘ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں یہ سب عوام کی نہیں مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں‘ہر شعبہ تباہی سے دوچار ہے‘ حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے سجادہ نشینوں، زمینداروں اور معززین نے جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ہماری ظلم کے نظام کے خلاف جاری تحریک کو تقویت ملے گی ،ہر جماعت کو قوم نے آزما لیا ہے اب ایک چانس جماعت اسلامی کو بھی ملنا چاہئے،مٹیاری کے معروف زمیندار سید ندیم شاہ کی جماعت اسلامی میں شمولیت ۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مٹیاری پہنچ کر سجادہ نشین غلام مجدد سرہندی سے ملاقات کی اور سندھ آباد گار بورڈ کے مرکزی نائب صدر سید ندیم شاہ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی جہاں ممتاز زمیندار سید ندیم شاہ نے اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا امیر جماعت نے فوری طور پر انہیں جماعت اسلامی پاکستان کے پولیٹیکل سیل کا ممبر نامزد کردیا مٹیاری کے سجادہ نشینوں و زمینداروں کے استقبالیہ سے اسد اللہ بھٹو ، عبدالمجید نظامانی ، سید ندیم شاہ اور سید محمود نواز شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سجادہ نشین غلام مجدد سرہندی ، پیر احمد شاہ ہاشمی ،سابق صوبائی وزیر علی شاہ جاموٹ اور دیگر سجادہ نشین و معززین و زمینداروں کے علاوہ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ، ممتاز حسین سہتو ، حافظ نصر اللہ چنہ ،عبدالوحیدقریشی ،حافظ طاہر مجید ، عقیل احمد خان ، حافظ لطف اللہ بھٹو ، مجاہد بلوچ اور مجاہد چنہ بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میرا آج سندھ آنے کا پروگرام صرف مٹیاری کے لیے تھا جہاں مجھے پرخلوص طریقے سے دعوت دی گئی ہے مجھے خوشی ہے کہ یہاں کے سجادہ نشینوں ، زمینداروں اور معززین نے جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ہماری ظلم کے نظام کے خلاف جاری تحریک کو تقویت ملے گی انہوں نے کہاکہ آج پاکستان جن حالات و مشکلات سے دوچار ہے اس کی بنیادی وجہ موروثی سیاسی جماعتیں ہیں جو اسٹیبلثمنٹ سے ساز باز کرکے اپنی اپنی باری لیتی ہیں اور پی ٹی آئی نے بھی عوام کو نہ صرف مایوس کیا ہے بلکہ انہوں نے پاکستان کو مسائلستان بنادیا ہے۔