• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبح نہار منہ کھانے والی غذائیں

صبح کا ناشتہ ہماری اچھی صحت کے لیے بے حد ضروری ہے، جو افراد روزانہ صبح باقاعدگی سے ناشتہ کرتے ہیں اُن کا سارا دن نہایت خوشگوار گزرتا ہے جبکہ وہ افراد جو صبح ناشتہ نہیں کرتے وہ بڑھتی عمر کے ساتھ مختلف اقسام کے مرض میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

ماہرین غذائیت کے مطابق واحد صبح کا وقت ایسا ہوتا ہے جب انسان کچھ دیر اپنے لیے وقت نکال کر کچھ اچھا کھانے کے بارے میں سوچ سکتا ہے، اسی لیے ہمیشہ صبح کا ناشتہ اچھا کرنے کی تاکید کی جاتی ہے۔

لیکن بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ کون سی غذائیں خالی پیٹ فائدہ مند اور کون سی غذائیں ہماری صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔وہ غذائیں جو نہار منہ کھائی جاسکتی ہیں:

دلیہ

صبح نہار منہ دلیہ کھانےکے بے حد فوائد ہیں، دلیہ معدے کی ہائیڈروکلورک ایسڈ سے حفاظت کا کام کرتا ہے۔ اس کے علاوہ دلیہ میں موجود فائبر کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

سیب

سیب میں فائبر کثیر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو جسم میں پانی کو اپنی جانب کھینچ کر ایک جیل تشکیل دیتا ہے جو غذا کے ہضم ہونے کا عمل سست کرتا ہے۔روزانہ ایک سیب سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس ہوتا ہے اور بلڈ شوگر لیول میں مستحکم جبکہ انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ ایک سیب روزانہ فالج کی روک تھام کرتا ہے، ایک تحقیق کے دوران 10 برسوں تک 20 ہزار سے زائد افراد میں پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کا جائزہ لیا گیا، نتائج سے معلوم ہوا کہ سرخ سیب کھانے کی عادت رکھنے والوں میں فالج کا خطرہ 9 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

شہد کے ساتھ نیم گرم پانی

شہد میں منرلز، وٹامنز اور دیگر ضروری غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو آنتوں کو صاف ستھرا رکھنے کےلیے بے حد ضروری ہیں۔ خالی پیٹ نیم گرم پانی میں شہد ڈال کر پینے سے جسم میں موجود تمام زہریلے اور جراثیمی عناصر ختم ہوجاتے ہیں۔

اس کے علاوہ شہد میٹابولزم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ جسم میں انرجی بھی پیدا کرتا ہے۔

بلیو بیریز

ایک تحقیق کے مطابق بلیو بیریز روزانہ کھانے سے یادداشت، بلڈ پریشر اور میٹا بولزم کے نظام میں بہتری آسکتی ہے۔

انڈا

روزانہ ایک انڈا کھانے کے بے شمار فوائد ہیں۔ صبح نہار منہ ایک انڈا کھانے سے سارا دن انسان چست و توانا رہتا ہے جبکہ بہت دیر تک بھوک کا احساس بھی نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ روزانہ ایک انڈا وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

بھیگے بادام

بادام مینگنیز، وٹامن ای، پروٹین، فائبر، اومیگا 3 اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہوتے ہیں۔ لیکن اگر ہم بادام کا صحیح طرح سے استعمال نہیں کریں گے تو اس کے فوائد سے محروم ہوسکتے ہیں۔ بادام کو کھانے کا درست طریقہ یہ ہے کہ انہیں رات میں ہمیشہ بھگو دیں اور پھر صبح نہار منہ کھائیں۔

تازہ پھل

پھل ہماری صحت کے لیے اہم اور ناقابل یقین حد تک صحت مند ہیں۔ پھلوں میں وٹامنز، غذائی اجزاء، فائبر اور پانی کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب طریقے سے اپنی خوراک میں پھلوں کو شامل کرنے سے عمل انہضام بہتر ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ نہار منہ پھل کھانے سے جسم کو بہت زیادہ توانائی ملتی ہے، وزن میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے اور یہ پورے دن کے لیے ضروری توانائی مہیا کرتے ہیں۔

تازہ ترین