کیوی بظاہر چیکو کی طرح نظر آتا ہے لیکن ذائقے میں یہ اسٹابیری سے ملتا جلتا ہوتا ہے، اس پھل کی ابتداء نیوزی لینڈ سے ہوئی ہے اسی لیے اس کا نام نیوزی لینڈ کے ایک ’کیوی‘ نامی پرندے سے منسوب کر کے ’ کیوی پھل‘ رکھا گیا ہے۔
اکثر لوگ اس پھل کے بارے میں نہیں جانتے لیکن ماہرین صحت نے اس پھل کے کئی ایسے فائدے بتائے ہیں جو اس کی مقبولیت میں دس گنا تیزی کے ساتھ اضافہ کریں گے۔
وٹامنز اور منرلز سے بھرپور
کیوی پھل میں وٹامن اے، بی 6، بی 12 ،ای کے ساتھ پوٹاشیئم ، کیلشئم، آئرن اور میگنیشیم کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے، جو جسم کے افعال درست رکھتے ہیں جس میں خون کی روانی، آئرن جذب کرنے کی صلاحیت، مضبوط ہڈیاں اور دانت، بہترین بصارت، اور تناؤ سے نکلنے کی صلاحیت شامل ہے۔
تروتازہ جلد
کیوی میں الکلی کی خاصیتیں موجود ہیں جو مرچ مسالے والے کھانوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے، اس سے نہ صرف آپ بھرپور متحرک اور توانا رہیں گے بلکہ آپ کی جلد بھی چمکتی دمکتی اور ترو تازہ رہے گی۔
کیوی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ جلد کو خراب ہونے سے بچاتے ہیں، بہتر نتائج کے لیے اس کے گودے کو چہرے پر ملنا بھی فائدہ مند ہے۔
دل کی بیماریوں سے بچاؤ
ماہرین کا کہنا ہے کہ کیوی پھل دل کی مختلف بیماریوں کے شکار افراد کے لیے انتہائی مفید ہے، اس پھل سے انسان 15 فیصد تک دل کی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
وٹامن سی سے بھرپور
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ صرف لیموں اور مالٹے جیسے ترش پھل ہی وٹامن ’سی‘ کا خزانہ ہیں تو آپ غلط ہیں کیونکہ کیوی کی 100 گرام مقدار میں ایک سو 54 فیصد وٹامن سی پایا جاتا ہے جو ترش پھلوں کے مقابلے دگنا ہے۔
وٹامن سی طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے اور جسم سے زہریلے مادوں اور کینسر کا سبب بننے والے عناصر کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔
نظامِ ہضم کی بہتری
کیوی میں ایکٹینڈین نامی جز پایا جاتا ہے جس میں پروٹین ہضم کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے، اس لیے یہ آنتوں کے مرض میں مبتلا افراد کو خاصہ آرام پہنچاتا ہے۔
پرسکون نیند کیلئے
تائیوان کی ایک یونیورسٹی کے ماہرین نے 24 ایسے افراد کو بھرتی کیا جنہیں سونے میں مشکلات کا سامنا تھا اور انہیں نیند سے ایک گھنٹے قبل کیوی پھل کھانے کو دیا گیا۔
اس کے بعد دیکھا گیا کہ کیوی کھانے والے افراد 13 فیصد وقت زیادہ سوئے اور ان میں بستر پر جانے کے بعد نیند کا دورانیہ بھی 35 فیصد تک کم ہوگیا۔
غذائی ریشہ کا بہترین ذریعہ
یہ کٹھا میٹھا پھل غذائی ریشے سے بھرپور ہے جو متعدد بیماریاں روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق غذائی ریشوں سے بھرپور خوراک کھانے سے امراضِ قلب اور شریانوں کے مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ اس سے بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور کولیسٹرول بھی کم ہوتا ہے اس کے ساتھ یہ وزن کم کرنے کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔