اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزارت قانون لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے رہی ہے،وزیر اعظم عمران خان نے بھی کابینہ اجلاس میں لاپتہ افراد کے حوالے سے قانون لانے کا کہا ہے،لاپتہ افراد کی جلد سے جلد بازیابی کے لئے تمام حکومتی وسائل استعمال کریں گے۔ بدھ کو لاپتہ افراد کے لواحقین میں سے کچھ خواتین سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کے حوالے سے یقین دھانی کرائی اور لواحقین کے ساتھ ا ظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے،ہم اس کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے میں۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے تمام ادارےعملی اقدامات کررہے ہیں،حکومتی کوششوں سے بہت سے لاپتہ افراد کو بازیاب بھی کرایا گیا ہے۔