• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف سے براڈ شیٹ کے معاملہ پر کوئی بات نہیں ہوئی،انجم ڈار


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جرمنی سے پاکستانی بزنس مین انجم ڈارنے کہا ہے کہ میں نے کبھی کاوے موسوی کو 25ملین ڈالرز کی پیشکش نہیں کی، کاوے نے مجھے پہلے 10ملین پھر 40ملین ڈالرز کمیشن دینے کی پیشکش کی ، میں بزنس مین ہوں میری دلچسپی 10یا 40ملین ڈالرز کمیشن ملنے سے تھی،نواز شریف سے ملاقات میں براڈ شیٹ کے معاملہ پر کوئی بات نہیں ہوئی، جرمنی میں کاوے پر دعویٰ دائر کردیا ہے

برطانیہ میں وکیل سے بات کرلی ہے، میں دیکھتا ہوں اب کاوے کہاں تک جاتا ہے، پاکستان نے اسے نہیں پکڑا میں اسے پکڑ کر دکھاؤں گا۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ “ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ ، سینئر صحافی و تجزیہ کار فہد حسین اور نمائندہ جیو نیوز ڈسکہ عمر اعجاز سے بھی گفتگو کی گئی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈسکہ میں پی ٹی آئی کا سمیع اللہ ہر پولنگ اسٹیشن کے سامنے فائرنگ کرتا رہا، پولنگ کیلئے کورونا ایس او پیز کے نام پر لمبی لمبی لائنیں لگوائی گئیں

ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے دونوں امیدوار جیت رہے ہیں۔عمر اعجاز نے بتایا کہ این اے 75میں پولنگ کے دن الیکشن کا ماحول کم جنگ کا ماحول زیادہ بنا ہوا تھا، پولیس حلقہ میں فائرنگ کے واقعات سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے۔

فہد حسین نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہیں، پی ٹی آئی کو جہانگیر ترین کی ضرورت پڑنے کا مطلب ہے پارٹی قیادت پریشان ہے، جہانگیر ترین ڈیلیور کرگئے تو ان کی پارٹی میں واپس کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

جرمنی سے پاکستانی بزنس مین انجم ڈارنے کہا کہ میں نے کاوے موسوی کوکبھی 25ملین ڈالرز کی پیشکش نہیں کی، میں نے کبھی موسوی سے ایسی بات نہیں کی بلکہ اس نے مجھے آفر کی تھی، کاوے موسوی اور میری کبھی نواز شریف سے متعلق بات نہیں ہوئی، میں نے کاوے موسوی کو نہیں اس نے مجھے ڈھونڈا تھا۔

انجم ڈار کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کا رشتہ دار نہیں ہوں نہ میں نے کبھی کلیم کیا، میری عمر 64ہونے والی ہے نواز شریف کی 74ہے میں ان کا بھتیجا کیسے ہوسکتا ہوں، میرا نام انجم ڈار ہے سابق وزیراعظم کا نام نواز شریف ہے، کاوے موسوی کو ذاتی طور پر نہیں جانتا تھا ، کاوے موسوی کا جرمنی میں کزن میرے بزنس میں واقف کار تھا

اس نے مجھے 23جنوری 2012ء کو ایک ای میل بھیجی،اس ای میل اس نے ذکر کیا کہ اس کا ایک کزن کاوے موسوی لندن میں ہے جس نے پاکستان کے ساتھ کوئی ڈیل کی ہوئی ہے۔

انجم ڈار نے کہا کہ آپ سب رپورٹس میں دیکھ سکتے ہیں کہ انہوں نے مجھے 10ملین کا کٹ دینے کا کہا تھا، کاو ے موسوی 23جنوری سے جولائی تک مجھ سے ملنے کی کوشش کرتے رہے، کاوے موسوی کے ساتھ میری صرف دو ملاقاتیں ہوئی ہیں

پہلی ملاقات 28تاریخ کو ہیمبرگ میں جبکہ دوسری ملاقات 3اگست کو کینٹ میں ہوئی،کاوے کے ساتھ میری پہلی ملاقات جرمنی میں ایئرپورٹ پر اس کے کزن نے کروائی تھی، کاوے نے مجھے پاکستان کے ساتھ معاہدہ مجھے دکھایا ، کاوے نے مجھے کہا کہ پاکستان سے 500ملین کا ایوارڈ رکھتا ہوں آپ میری ڈیل کروادیں، میں نے موسوی سے کہا کہ بقول تمہارے تم نے ریکوری کی ہوئی ہے مجھے ثبوت کیلئے وہ اکاؤنٹس دکھاؤ تاکہ میں کسی سے بات کرسکوں۔

تازہ ترین