اسلام آباد ( آن لائن ) سپریم کورٹ نے پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز روسٹر جاری کر دیا۔ جاری ججز روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 22 سے 26 فروری کے دوران پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں چھ بینچز مقدمات کی سماعت کرینگے۔ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ہوگا۔بینچ دو میں جسٹس مشیر عالم،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس سردار طارق شامل ہونگے۔بینچ تین جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل ہوگا۔ بینچ چار میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہونگے ۔بینچ پانچ میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل ہوگا، بینچ چھ میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس امین الدین خان شامل ہونگے۔ جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے سے متعلق دائر صدارتی ریفرنس اور جعلی بنک اکاونٹس کیس میں گرفتار ملزمان طحہ رضا اور حسین لوائی کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت 22 فروری بروز پیر کو ہوگی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کی جانب سے دائر درخواست اور نیب ملزمان کیخلاف ایک سے زائد ریفرنس بنانے سے متعلق کیس کی سماعت منگل کو ہوگی۔ سینٹورس مال تجاوزات کیس کی سماعت بدھ کو ہوگی۔