• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،300 کلو مضر صحت مصالحہ جات، باسی مچھلی مشروبات تلف

پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 300 کلو سے زائد مضر صحت مصالحہ جات، باسی مچھلی اور 250 لیٹر زائد المعیاد مشروبات اور باسی خوردنی تیل برآمد کرکے تلف کردیا۔ کارروائی میں ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے اور ناقص صفائی پر ہوٹل سمیت دس سے زائد دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق کارروائیاں سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی خصوصی ہدایت پر جاری مہم کے تحت کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق نوشہرہ میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ انسپیکشن کے دوران 110 کلو سے زائد غیرمعیاری مصالحہ جات، چائنہ سالٹ اور دیگر زائد المعیاد اشیاء برآمد کئے گئے۔ اسی طرح بنوں میں کارروائی کے دوران 60 کلو سے زائد غیر معیاری اور مضر صحت مصالحہ جات اور 75 لیٹر سے زائد المعیاد مشروبات تلف کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق لکی مروت میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ایک سویٹس فیکٹری سیل کردی گئی جبکہ 30 کلو سے زائد غیر معیاری مصالحہ جات کو تلف کیا گیا۔ چارسدہ کے علاقے سردریاب میں بھی خوراک سے وابستہ کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، کارروائی میں 120 لیٹر سے زائد باسی تیل اور 25 کلو باسی مچھلی تلف کردی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق لوئر دیر اور اپر دیر میں بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ دیر لوئر میں جی ٹی روڈ پر واقع ریسٹورنٹ سے بڑی مقدار میں باسی مچھلی اور مضر صحت تیل برآمد کیا گیا۔ تالاش بازار میں مضر صحت مصالحہ جات فروخت کرنے پر ایک دکان اوت دیر بالا کے علاقے واڑی بازار میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ایک ہوٹل کو سیل کردیا گیا۔ مردان کے علاقے بغدادہ چوک میں بوسیدہ انڈے فروخت کرنے پر ایک دکان سیل کردیا گیا۔
تازہ ترین