• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دی راک کی امریکی صدر بننے میں دلچسپی پر انڈرٹیکر نے کیا کہا؟

ہالی وڈ اداکار ڈوین جانسن کی جانب سے امریکی صدارت میں دلچسپی کے اظہار پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا کے حال ہی میں ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لینے والے لیجنڈ ریسلر دی انڈرٹیکر نے کہا ہے کہ ڈوین جانسن امریکا کے لوگوں کو متحد کرسکتا ہے۔ اگر وہ واقعی میدان میں اترتا ہے تو انہیں اس فیصلے پر حیرانی نہیں ہوگی۔

ایک گفتگو کے دوران انڈرٹیکر نے کہا کہ ڈوین جانسن کی شخصیت بہت ہی دلکش ہے، وہ جو بھی کام کرتا ہے دل سے کرتا ہے۔ مجھے پتا ہے کہ اس میں جذبہ بھی ہے اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرنے والا بن سکتا ہے جس کی لوگوں کو تلاش ہے۔

انڈرٹیکر نے مزید کہا کہ میں اس حوالے سے نہیں جانتا، بہت کچھ ہونے کے امکانات ہیں، اگر ڈوین جانسن نے امریکی صدارت سے متعلق فیصلہ کیا تو میں اسکی کوششوں کی مکمل حمایت کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ اب بھی ڈوین جانسن کو’ راک‘ ہی کہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مشہور ریسلر اور ہالی وڈ سپر اسٹار ڈوین جانسن(دی راک) نے مستقبل میں امریکی صدارت کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا تھا تاہم انہوں نے اس فیصلے کو مکمل طور پر لوگوں کی خواہشات سے جوڑ دیا ہے۔

ڈوین جانسن نےکہا تھا کہ یہ فیصلہ عوام کے فیصلے کی بنیاد پر کروں گا۔ یہ لوگوں پر منحصر ہوگا لہٰذا میں انتظار کروں گا اور سنوں گا۔

تازہ ترین