آپ آف لائن ہیں
جمعرات19؍ رجب المرجب 1442ھ4؍مارچ 2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

جرمن سفیر بھی عابدہ پروین کی آواز کے مداح ہوگئے

پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک کہتے ہیں کہ وہ  عابدہ پروین کی سُریلی آواز کے مداح ہوگئے ہیں۔

جرمن سفیر نے صوفیانہ کلام کی مایہ ناز گلوکارہ، سروں کی ملکہ اور دنیا بھر میں سندھ و پاکستان کی پہچان عابدہ پروین کے 67ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی کچھ تصویریں شیئر کیں۔

مذکورہ تصویروں میں جرمن سفیر اپنے موبائل فون میں عابدہ پروین کا کلام سُنتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جرمن سفیر نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صوفیانہ کلام کی ملکہ  عابده پروين کی روح پرور آواز کا مداح ہوگیا ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اُردو زبان نہ سمجھنے والوں کے دلوں پر بھی عابدہ پروین کی موسیقی سحر طاری کردیتی ہے۔‘

جرمن سفیر نے عابدہ پروین کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’ صوفیانہ موسیقی میں آپ کا کوئی ثانی نہیں۔‘

واضح رہے کہ عابدہ پروین 20 فروری 1954 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئیں۔

گائیکی کے ذریعے صوفیانہ کلام کو پھیلانے کی بات کی جائے تو اس وقت پورے برصغیر میں عابدہ پروین سے بڑا کوئی نام نہیں۔

انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد استاد غلام حیدر سے حاصل کرنے کے بعد ریڈیو پاکستان سے فنی سفر شروع کیا۔

2005 میں عابدہ پروین کو ستارہ امتیاز اور 2012 میں ان کی فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیازسے نوازا گیا جبکہ بھارت کی بیگم اختر اکیڈمی آف غزل کی طرف سے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔

عابدہ پروین نے سندھی، اردو، پنجابی، سرائیکی، بلوچی سمیت ملک کی مختلف زبانوں میں گیت گا کر اپنے مداحوں کو محظوظ کیا ہے، انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس بھی مل چکا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید