• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجدار حرم کے بعد برطانوی ہائی کمشنر کا اسماء الحسنیٰ سُننے کا مشورہ

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کشمنر کرسچن ٹرنر نے عاطف اسلم کی سحر انگیز آواز میں نامور قوالی ’تاجدار حرم ‘ کے بعد اب اللّہ تعالیٰ کے 99 نام ’اسماءالحسنیٰ‘ کو بھی پسندیدہ قرار دے دیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر برطانوی ہائی کشمنر کرسچن ٹرنر نے عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں پڑھے جانے والے اللّہ تعالیٰ کے 99 نام ’اسماءالحسنیٰ‘ کا یوٹیوب لنک شیئر کیا۔

کرسچن ٹرنر نے اپنے ٹوئٹ میں عاطف اسلم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پاکستانی دوست کی طرف سے مجھے عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں ’اسماءالحسنیٰ‘ سُننے کی تجویز کی گئی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اِس مشکل وقت میں یہ 99 نام شفا اور اچھے دنوں کی اُمید ہیں۔‘

اِس سے قبل کرسچن ٹرنر نے عاطف اسلم کی آواز میں قوالی ’تاجدار حرم‘ کو پسندیدہ قراردیا تھا۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’اُن کے ایک ساتھی نے انہیں عاطف اسلم کی آواز میں قوالی ’تاجدار حرم‘ سننے کی تجویز دی تھی جس سے وہ خوب لطف اندوز ہوئے۔‘

یاد رہے کہ عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز میں اذان کے بعد اب رمضان المبارک میں کوک اسٹوڈیو کی مشاورت سے اللّہ تعالیٰ کے 99 نام ’اسماءالحسنیٰ‘ پڑھے ہیں جس نے ہر ایک کے سُننے والے پر رقت طاری کردی ہے۔

اِس ضمن میں عاطف اسلم نےگزشتہ روز ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’کورونا وائرس کی اِس مشکل گھڑی میں انسانیت سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اچھے دنوں کی اُمید لیے کوک اسٹوڈیو کے ساتھ مل کر میں نے آپ سب کے لیے ’اسماءالحسنیٰ‘ پڑھے ہیں۔‘

تازہ ترین