آپ آف لائن ہیں
بدھ18؍ رجب المرجب 1442ھ3؍مارچ 2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

پی ایس ایل 6: حفیظ اور فخر کی شاندار بیٹنگ، قلندرز کی گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور قلندرز کے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور جارح مزاج فخر زمان نے 179 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں پورا کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز ٹام بینٹن اور صائم ایوب بالترتیب 4 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 12 تھا۔

ایسے میں گلیڈی ایٹرز کے کرس گیل اور سرفراز احمد نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور سنچری پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔

سرفراز احمد نے 5 چوکوں کی مدد سے 40 جبکہ کرس گیل نے 5 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 113 اور 118 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی لمحات میں محمد نواز نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 178 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے 3 وکٹیں لیں جبکہ ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، راشد خان اور احمد دانیال کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم صرف ایک ہی وکٹ گنوائی۔

پہلے فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے 64 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس مجموعے پر سہیل اختر 21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

بعد ازاں محمد حفیظ فخر زمان کا ساتھ دینے آئے اور دونوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد حفیظ نے صرف 33 گیندوں 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

دوسرے اینڈ پر موجود اوپنر فخر زمان نے 52 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح سے ہمکنار کیا۔

فخر زمان کو شاندار بیٹنگ کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید