اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں،انہوں نے کہا سیاسی بدمعاشیہ قائد حزباختلاف پر تشدد کے بدترین حربے آزما رہی ہے، طاقت کے بل پر مخالف اور تنقیدی آوازیں دبانا ان بدمعاشوں کا وتیرہ ہے، حلیم عادل شیخ نے خونخوار چہروں سے نقاب کھینچ کر اصلیت دکھائی۔مراد سعید نے کہا کہ عذیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ میں واضح ہے کہ یہ کیسے پولیس کو استعمال کرتے ہیں، اپنی نااہلی چھپانے کے لیے یہ ہراٹھنے والی آواز دبانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافی عزیز میمن نے ان کے کرتوتوں سے پردہ اٹھایا تو مار دیا گیا، کل سکھر میں پولیس کو میڈیا نمائندے کے خلاف استعمال کر کے تشدد کروایا گیا، یہ سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔