• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں پائیدار امن پاکستان کا دیرینہ خواب ہے، شیخ رشید

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے پیر کو اسلام آباد میں قطر کے خصوصی سفیر مطلق بن ماجد القحطانی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان قطر باہمی تعلقات اور افغانستان امن مذاکرات پر بات چیت کی گئی۔وزیر داخلہ نے افغان امن مذاکرات سے متعلق قطر کی کاوشوں کو سراہا، قطر کے خصوصی سفیر نے کہا افغانستان میں امن خطے کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان نے قیام امن کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات برادرانہ ہیں، افغانستان میں پائیدار امن پاکستان کا دیرینہ خواب ہے، قطر حکومت نے طالبان سے مذاکرات کے لیے قابل ستائش کام کیا، پاکستان قطر کی امن کوششوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان، قطر اور افغانستان کی کوششوں سے علاقے میں امن بہتر ہوا، افغان طالبان سے مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔وزیر داخلہ سے ملاقات میں قطری حکومت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، ملاقات میں پاکستان میں قطر کے سفیر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی موجود تھے۔ ادھروزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کیساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی،وزارت داخلہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے حلیم عادل شیخ سے متعلق میڈیا میں آنے والی رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ ایک معزز رکن سندھ اسمبلی ہیں، ان کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور انہیں تمام ضروری طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔

تازہ ترین