• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری تحریک جمہوریت نہیں کرپشن کے خلاف ہے،سراج الحق

لاہور (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ احتساب ٹرین کو پٹڑی سے اتارنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ احتساب صرف وزیراعظم اور ان کے خاندان کانہیں ، ہر اس شخص کا ہوگا جس کا نام پاناما لیکس میں آیا ہے یا جس نے ملک کو لوٹاہے ۔ سیاسی جماعتیں عہد کریں کہ وہ کسی کرپٹ کو سر پر بٹھائیں گی نہ اپنی پارٹی کا ٹکٹ دیں گی۔ جماعت اسلامی کسی لٹیرے کا تعاون لے گی نہ اس سے تعاون کرے گی ۔ ہماری تحریک جمہوریت کے نہیں کرپشن کے خلاف ہے ۔ احتساب سے جمہوریت مضبوط ہوگی ۔ جمہوریت کوئی شیشہ نہیں جو لٹیروں کا گریبان پکڑنے سے ٹوٹ جائے گا ۔ اپوزیشن جماعتوں کو احتساب کے حوالے سے یکسو رہنا چاہیے ۔ جو انتشار پھیلائے گا ، وہ حکمرانوں کو احتساب سے بچنے میں مدد دے گا ۔اپوزیشن کی طرف سے متفقہ TOR دینے کے لیے 2 مئی کو اسلام آباد میں اجلاس ہورہاہے ۔ کرپٹ اشرافیہ نے ملکی اداروں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح یرغمال بنارکھاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے سہ روزہ اجلاس سے افتتاحی خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزاد طارق اللہ اور سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے من پسند کمیشن بنانے اور احتساب سے بچنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں اور قوم نے بھی ایسے کسی بھی کمیشن کو مسترد کر دیاہے ۔ وزیراعظم نے تین با ر قوم سے خطاب میں ملک کو درپیش چیلنجز کا حل بتانے کی بجائے اپنی صفائیاں پیش کیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو اپوزیشن سے گلہ کرنے کی بجائے عالمی میڈیا کو کوسننا چاہیے جس نے پوری دنیا کے لٹیروں کو بے نقاب کر دیاہے ۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک میں صرف مالی کرپشن نہیں ، عدالتی ، سیاسی اور انتخابی کرپشن بھی ہے جس نے قوم کو غربت،جہالت اوربدامنی میں دھکیل دیاہے ۔ قوم اپنے ووٹ سے کرپشن کے بت کو توڑنے میں ہماری مدد کرے ۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے جس طرح سابقہ حکمران آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کررہے تھے ، اسی طرح موجودہ حکمران عالمی ساہوکاروں کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف تین برسوں میں کوئی انقلاب نہیں لاسکے ۔ تعلیمی اور معاشی حالات پہلے سے گھمبیر صورت اختیار کر چکے ہیں ۔ گرمی شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بوتل سے باہر آگیاہے اور روزانہ بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاناما لیکس کے بعد وزیراعظم کے ہاتھ سنہری موقع آیاتھا کہ وہ تاریخ میں اپنا نام درج کروانے کے لیے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ہر اس لٹیرے کا بے لاگ احتساب کرتے جس نے ملک و قوم کو بحرانوں سے دوچار کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ظالم اور مظلوم دو ہی پارٹیاں ہیں ۔ کرپٹ اشرافیہ کا ظلم تمام حدیں پار کر چکاہے اب مظلوم عوام ان ظالموں سے نجات حاصل کرنے کیلئے متحد ہو جاناچاہیے۔
تازہ ترین