پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملتان سلطانز نے بیٹنگ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بڑا ہدف پشاور زلمی کے لیے مقرر کردیا۔
اننگز کے آغاز میں کرس لین ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور زلمی کے محمد عرفان نے انھیں ایک رن بنانے کے بعد ہی پویلین کی راہ دکھادی۔
ایسے میں محمد رضوان نے جیمز وینس کے ساتھ مل کر ٹیم کو 82 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی، جہاں رضوان خود آسان گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے۔
جیمز وینس کا بلا رنز اگلتا رہا اور اب ان کا ساتھ صہیب مقصود دے رہے تھے جنہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کی باری کا خاتمہ ثاقب محمود نے کیا۔
جیمز وینس اور صہیب مقصود نے 71 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، تاہم اس شراکت کے بعد جیمز کے ساتھ ریلی روسو وکٹ پر کھڑے رہے۔
جیمز وینس نے رواں سیز میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے 55 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو 193 ٹوٹل تک پہنچادیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں اور دونوں ہی اس وقت اپنی جیت کا کھاتا کھولنے کے لیے بے چین ہیں۔
پشاور زلمی کو لاہور قلندرز نے 4 وکٹوں سے جبکہ ملتان سلطانز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3 وکٹوں سے ہرادیا تھا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان، کرس لین، جیمز وینس، ریلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل تنویر، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی پر مشتمل ہے۔
اسی طرح پشاور زلمی میں وہاب ریاض، کامران اکمل، امام الحق، حیدر علیِ شعیب ملکی، ٹام کوہلر کیڈمور، شرفین ردرفرڈ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں۔