• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، PTI ارکان کاسندھ حکومت کے خلاف احتجاج، پوسٹرز لہرا دیئے

اسلام آباد(ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کا سندھ حکومت کے خلاف احتجاج ‘ پوسٹرز لہرادیئے ‘حکومتی و اپوزیشن ارکان مخالفانہ نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا کر آمنے سامنے آگئے‘ ایک دوسرے کے خلاف نعرے ‘ اسپیکر اسد قیصر نے دونوں اطراف کے ارکان کو انتباہ کیا کہ ایوان کے قواعد و ضوابط کا خیال رکھا جائے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبر ڈے تھا ‘آغاز میں اسپیکر اسد قیصر نے دونوں اطراف کے ارکان کو انتباہ کیا کہ ایک طرف کے ارکان کو دوسری طرف نہیں جانا چاہیے اور کسی کو بھی نازیبا، متنازع ریمارکس نہیں دینے چاہئیں۔ ۔ وہ ابھی یہ انتباہ جاری کرنے کے بعد کارروائی کو آگے بڑھا ہی رہے تھے کہ تحریک انصاف کے 15سے زائد ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے پلے کارڈز اٹھا کر اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے ۔مراد سعید، اسد عمر، علی محمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ حکومتی ارکان نے سندھ حکومت کیخلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے تھے۔ پیپلزپارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ بھی اپوزیشن کی لابی سے درجنوں پلے کارڈز اٹھا لائے، حکومتی ارکان کے سامنے اپوزیشن ارکان ان پلے کارڈز کو اٹھا کر کھڑے ہوگئے ۔ ان پلے کارڈز پر سلیکٹڈ حکومت نامنظور ، جعلی حکومت نا منظور، مافیاز نا منظور اور وزیراعظم کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے مابین ایک دوسرے کے خلاف زبردست نعرے بازی ہوتی رہی اور ایوان میں ہنگامہ آئی پر اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو ہدایت کی کہ حکومتی اراکین کو روکیں ۔اسد قیصر دونوں طرف کے ارکان کو اپنی نشستوں پر جانے کی ہدایت کرتے رہے جنہیں ارکان نے نظر انداز کردیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کی کارروائی معطل کردی اور حکومتی ارکان پلے کارڈ اٹھائے اسپیکر چیمبر میں چلے گئے۔

تازہ ترین