• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن میں پیسے اور طاقت کے زور پر سسٹم ہائی جیک کیا جاتا ہے، سراج الحق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں پیسے اورطاقت کے زور پر سسٹم کو ہائی جیک کیا جاتاہے۔ اس کلچر کو ختم ہونا چاہیے، ملک کے لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگارپھررہے ہیں

پی ٹی آئی نے دوسرے وعدوں کی طرح یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا،عربی تعلیم کو لازمی قرار دیا جائے۔ پاکستان میں 600کے قریب خاندانوں کی حکومت ہے جنہوں نے ملک کے وسائل پر قبضہ کرکے عوام کوبنیادی ضروریات سے محروم کر رکھاہے۔

پاکستان میں سونے کے وسیع ذخائر، چارموسم، بہترین آبپاشی نظام ہونے کے باوجود لاکھوں افراد روٹی کے لقمے کیلئے ترس رہے ہیں، تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کی بجائے مسلسل کمی کی جارہی ہے،طلبہ یونینز کی بحالی وقت کا تقاضا اور اسٹوڈنٹس کا جمہوری حق ہے۔

وزراءاوربیوروکریٹس کے بچوں اور بچیوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنا چاہیےتاکہ انہیں اندازہ ہو کہ سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے کیا مسائل ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سراج الحق نے کہا پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو دھوکہ اور فریب میں رکھا، ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں کمی سے تعلیمی اداروں کو بہت سے پراجیکٹس کو بند کرنا پڑا۔ پی ٹی آئی نے یکم جنوری 2020 ءسے پورے ملک میں یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ کیا تھا جو تاحال پورا نہیں ہوا۔

تازہ ترین