• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ‘محکمہ خوراک کے افسران کا فلور ملز کے دورے،آٹا ترسیل کا جائزہ

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک پشاور کے افسروں نے گزشتہ روز شہر بھر میں قائم فلور ملوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران افسران نے فلور ملوں میں گندم کی پسائی اور سرکاری آٹے کی رعایتی نرخوں پر ترسیل کا جائزہ لیا جبکہ 16فلور ملز سے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ارسال کردیئے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر‘ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور واجد علی نے مشترکہ طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملوں کے دورے کئے اور ریکارڈ کو چیک کیا اسی طرح ڈیلرز اور شہریوں سے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی ۔راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لیبارٹری ارسال کئے جانیوالے نمونوں کے نتائج آنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ جو فلور مل بھی آٹے میں مکسنگ کرنے میں ملوث پایا گیا تو اس کا کوٹہ اور لائسنس منسوخ کر کے قانونی کارروائی کرنے سمیت بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری گرانفروشی سے متعلق محکمہ خوراک سے رابطہ کریں جس پر فوری ایکشن لیا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔
تازہ ترین