• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو خطوط

الیکشن کمیشن پاکستان نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو خطوط لکھے ہیں، جس میں این اے 75 ڈسکہ میں غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے75 ڈسکہ میں انتخابی ماحول خراب کیا گیا، 2 بے گناہ جانیں ضائع ہوگئیں۔

خطوط میں کہا گیا ہے کہ حلقےمیں سیکورٹی کے نامناسب انتظامات تھے، ان واقعات کی وجہ سے نتائج تاخیر سے ملے۔ کمشنر گجرانوالہ کا فوری طورپرتبادلہ کیا جائے، اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کو فوری معطل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو ان افسران کی معطلی کے فوری نوٹیفکیشن جاری کرنےکا حکم بھی دیا۔

الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن خود انکوائری کرے گا یا پنجاب حکومت کو انکوائری کا حکم دےگا، مذکورہ افسران کو آئندہ انتخابات میں ڈیوٹی پر مامور نہ کیا جائے، الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سے احکامات پر عمل درآمد کے بعد جواب طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی خط لکھا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، ڈی پی او سیالکوٹ کو فوری طور پر معطل کیا جائے، کمیشن ان کے خلاف خود انکوائری کرے گا یا وفاقی حکومت کو حکم  دے گا۔

خط کےمتن کے مطابق ان افسران کو بھی الیکشن کی ڈیوٹی پر مامور نہ کیا جائے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے احکامات پر جواب طلب کرلیا گیا۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے آئی جی پولیس پنجاب کو بھی خط لکھا ہے۔

خط کے متن کے مطابق ریجنل پولیس افسر گوجرانوالہ کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے، ڈی ایس پی سمبڑیال ذوالفقار ورک، ڈی ایس پی رمضان کمبوہ کو معطل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے ان افسران کو آئندہ کسی الیکشن میں تعینات نہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

تازہ ترین