• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،گرانفروشوں کیخلاف کارروائی،43افراد گرفتار

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کیخلاف کاررائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید 43 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے حیات آباد کے مختلف علاقوں‘ ارمڑ اور مضافات میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور سرکاری نرخوں با رے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری سرخنامے سے تجاوز کرنے پر 43 افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ نانبائی‘ قصائی‘ جنرل سٹور و بیکری مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور مشیر خوراک کے ہدایات کی روشنی میں کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے جبکہ پشاور شہر سمیت مضافات میں بھی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں تاکہ گرانفروشوں کا قلع قمع کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروش پشاور کے جس کونے میں بھی ہوں محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔ آفتاب عمر نے مزید کہا کہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
تازہ ترین