• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت غیرمقبولیت کا خطرہ مول لیکر معیشت کے مشکل حقائق سامنے لائے، ہیمنڈ

لندن (پی اے) سابق چانسلر لارڈ ہیمنڈ نے کہا ہے کہ حکومت کو غیر مقبولیت کا خطرہ مول لینا چاہئے اور معیشت کی حالت کے بارے میں’’ملک کے کچھ مشکل حقائق" بتانے چاہئیں۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وبا سے نمٹنا مالی طور پر ’’جنگ لڑنے‘‘کے مساوی تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ’’مقبول حکومت‘‘ کے لئے رقم جمع کرنا خرچ کرنےسے زیادہ آسان ہے۔ ٹریژری کے ایک ترجمان نے کہا کہ چانسلر رشی سونک ضروریات کے بارے میں برطانوی عوام کے ساتھ ایماندار ہوں گے۔ اگلے ہفتے کا بجٹ بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے درمیان اور ریکارڈ کے مطابق برطانیہ کے سب سے بڑے سالانہ معاشی جمودکے بعد آرہا ہے۔ لارڈ ہیمنڈ، جنہوں نے 2019 میں بورس جانسن کے وزیر اعظم بننے پر چانسلر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، کہا کہ معیشت کوویڈ۔ 19 سے انتہائی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ طویل مدتی داغ ہے جس میں ہوا بازی اور مہمان نوازی جیسے شعبوں کو مستقل نقصان پہنچا اور نقل و حمل اور ریٹیل ہمیشہ کے لئے تبدیل ہوئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2020 میں برطانیہ کی معیشت 9.9 فیصد سمٹ گئی جو ریکارڈ کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہے۔ منگل کے روز یہ انکشاف ہوا کہ دسمبر تک تین مہینوں میں بے روزگاری 5.1 فیصد بڑھی۔ یہ 2015 کے بعد کی بدترین شرح ہے۔ قومی قرض، فرلو دیگر وبائی امدادی اسکیموں اور ٹیکس کم وصول ہونے کی وجہ سے انتہائی متاثر ہوئی جس سے ہونے والا نقصان2 کھرب پونڈزسے زیادہ ہے۔ لارڈ ہیمنڈ نے کہا کہ مستقبل قریب میں یہ امکان نہیں کہ وزرا کچھ بھی کرنے کے قابل ہوجائیں، یہ حقیقت قرضوں میں کمی کے آغاز پر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو معاملہ اہم ہے وہ قرض کی قطعی شکل نہیں ہے، بلکہ ہماری معیشت سے متعلق قرض کا سائز ہے۔اگر ہم آنے والے برسوں میں دوسری جنگ عظیم کی طرح برطانوی معیشت کو ترقی دے سکتے ہیں، تو قرض کے مسئلہ سے بخوبی نمٹ سکیں گے ۔ لارڈ ہیمنڈ نے کہا کہ حکومت کو درپیش چیلینج یہ ہےکہ اس بحران کے دور سے کیسے نکلا جائے ۔انہوں نے مسٹر سونک کی اب تک معاشی حالات سے نمٹنے کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بہت پر اعتماد ہیں ان کی سمت درست ہے۔ تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ وزراء نے کورونا وائرس بحران سے قبل نیک نیتی کے ساتھ برطانوی ووٹرز کے ساتھ انتہائی غیر معمولی وعدے کیے تھے۔ لارڈ ہیمنڈ نے مزید کہا کہ اب ان تمام وعدوں کو عقل مندی کے ساتھ انجام نہیں دیا جاسکتا ہے اور یہ حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بننے والا ہے جو اس کی مختصر مدت کی مقبولیت کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لارڈ ہیمنڈ نے مزید کہاکہ انہیں یقین نہیں ہے کہ موجودہ اعلی قیادت کو صحیح کام کرنے کے لئے ، غیر مقبول ہونے کے خطرات لاحق ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ چانسلر آئندہ بدھ کے بجٹ میں بہتر تعمیر نو کے حکومتی منصوبے پیش کریں گے۔ مسٹر سونک نے وعدہ کیا ہے کہ ہم وبا سے نمٹنے کے لئے مزید مدد اور اپنی بازیابی کے لئے معاونت فراہم کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ پچھلا سال سب کے لئے کتنا حیرت انگیز حد تک مشکل رہا اور کام ضائع کرنا ایک ذاتی المیہ ہے۔ لارڈ ہیمنڈ کے تبصروں کا جواب دیتے ہوئے، ٹریژری کے ایک ترجمان نے کہا کہ چانسلر نے ملازمتوں اور معاشی تحفظ کے لئے اپنا ہر کام ہمیشہ دل سےکیا ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ لیبر رہنما سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ وباکے جاری اثرات کے پیش نظر، افراد یا کاروبار پر ٹیکسز میں اضافے کا وقت نہیں ہے۔

تازہ ترین