• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی گل پیر کا ’فنٹاسٹک ٹی ڈے‘ پر ترانہ جاری

پاکستان کے معروف کامیڈین اور ریپر علی گل پیر نے سرپرائز ڈے یعنی 27 فروری کے 2 سال مکمل ہونے کے موقع پر شاندار ’چار درخت‘ ترانہ جاری کیا ہے۔

آج پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے بھارت کے دو طیاروں کو گرائے جانے کے دو سال مکمل ہوگئے ہیں اور اس دن کو پاکستانیوں کی جانب سے ’سرپرائز ڈے انڈیا‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اب اس ضمن میں معروف کامیڈین و ریپر علی گل پیر نے اس دن کی مناسبت سے  ’فنٹاسٹک ٹی ڈے‘ ترانہ جاری کیا ہے جس کا مرکزی عنوان ’چار درخت‘ ہے۔

علی گل پیر کے ساتھ اس زبردست ترانے میں گلوکارہ نمرہ رفیق نے اپنی سُریلی آواز کا جادو جگایا ہے۔

’فنٹاسٹک ٹی ڈے‘ ترانے میں علی گل پیر نے اپنی لاجواب ریپنگ کے ذریعے دو سال قبل ہونے والے ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کی شاندار منظر کشی کی ہے۔

’چار درخت‘ ریپ ترانے کی ویڈیو میں علی گُل پیر کو کیتلی سے چائے نکالتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ علی گل پیر نے اپنے اس ترانے میں بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت، امریکی گلوکارہ ریحانہ اور عدنان سمیع کا بھی تذکرہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا تاہم بھارت صرف ایک جہاز گرنے کی تصدیق کرتا ہے۔

اس روز کے واقعات پر پاکستانی فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دونوں طیاروں کو مار گرایا، جس میں سے ایک کا ملبہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر جب کہ دوسرے کا ملبہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گرا تھا۔

ترجمان نے کہا تھا کہ بھارتی طیاروں کو مار گرانے کے ساتھ ساتھ ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا۔

تاہم یکم مارچ کو گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ ابھی نندن کی رہائی سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین