• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکسوں کے اضافی بوجھ نے عوام پر زمین تنگ کردی‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ سستی شہرت کی خاطر چھوٹی اسکرین پر درباریوں کا جم گھٹا بھی تبدیلی سرکار کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے میں یکسر ناکام نظر آتا ہے۔ سفید جھوٹ کو سچ ثابت کرکے دکھانے والی ٹیم اپنے کمال فن سے ایک ایسی تاریخ رقم کرچکی ہے جس کی مثال سیاسی تاریخ میں نہیں ملتی۔ملک نے 70 سال میں اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا سلطنت عمرانیہ نے گزشتہ اڑھائی برس میں لیا۔ معیشت ہچکیاں لے رہی ہے انڈسٹری بند ہوتی جارہی ہے کارخانوں کی پیداوار اس حد تک کم ہوچکی ہے کہ کارخانے دار لیبر و اسٹاف کو نکالنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ بڑھتی ہوئی بیروزگاری لاقانونیت میں بڑھوتی کا سبب بن چکی ہے۔ روٹی کے حصول کیلئے قتل و غارت گری روز کا معمول بن چکا ہے ۔ ٹیکسوں کا اضافی بوجھ سفید پوش طبقے پر زمین تنگ کئے ہوئے ہے جس کے پاس پہلے ہی سے کچھ نہیں تھا، وہ تو پریشان حال تھا ہی مگر حالات کچھ ایسے بنا دیئے گئے ہیں کہ پیسے والا بھی تبدیلی سے نجات کی دہائی دیتا نظر آرہا ہے۔ اب تک سرزد ہونے والی غلطیوں سے کچھ ایسی بھی ہیں جو آنے والی حکومتوں کے لئے ناکردہ گناہوں کی سزا ثابت ہونگی۔ صادق عمرانی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک تسلسل کے ساتھ اضافہ ہمیں کس جانب لئے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سو دن پھر پانچ سال تو کیا اگر نیازی کو تاحیات بھی وزیراعظم بنا دیا جائے تو بھی وہ کچھ ڈلیور نہیں کر پائیں گے ۔ نہ کبھی جیل دیکھی، نہ ریل بس صرف منظور نظر ہوجانے کی وجہ سے اب تک قوم پر مسلط کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کچھ اسی طرح سے عوام کے رنگ میں بھنگ ڈالا اور اپنے آقائوں کی خوشنودی کی خاطر قوم کا معاشی و سیاسی استحصال کیا تاکہ اس نظریہ ضرورت کو زندہ رکھا جاسکے جس کے طفیل عوامی تائید یافتہ جمہوری حکومتوں پر شب خون مارنے کی راہ ہموار کی جاسکے۔
تازہ ترین