• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، گاڑیوں کی چھت پر طلباء کو بٹھانے پر 20 ڈرائیوروں پر جرمانے

پشاور(جنگ نیوز)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گاڑیوں کی چھت پر طلباء کو بٹھانے پر 20 ڈرائیوروں پر جرمانے عائد کر دیئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایجوکیشن ٹو ناصر خان اور انکی ٹیم نے رنگ روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے سکول وین اور دیگر مسافر گاڑیوں کی چھتوں پر طلباء کو بٹھانے کی پاداش میں کئی ڈرائیوروں پر جرمانے عائد کئے۔ ڈی ایس پی ایجوکیشن ٹو نے طلبہ کو گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنے سے گریز کرنے اور اس سے ہونے والے نقصانات سے متعلق آگاہی بھی دی اور ان کو متنبہ بھی کیا کہ آئندہ چھت پر سوار طلباء کو اس وقت تک پولیس کے پاس روکا جائیگا جب تک ان کے والدین خود آکر پولیس کو اس بات کی یقین دہانی نہ کرائیں کہ ان کے بچے سوزوکیوں اور بسوں کی چھتوں پر سواری نہیں کریں گے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس کے حکام کو گاڑیوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور خاص کر طلباء کو بٹھانے کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری بھی گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھنے سے گریز کریں کیونکہ اس طرح گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھنا کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے جبکہ شہریوں اور طلباء کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے والے ڈرائیوروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کیساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔
تازہ ترین