لاہور ( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مر یم نواز نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی میں ہر صوبے سے بغاوت ہورہی ہے، ایک حلقہ کھلا تو ساری حقیقت سامنے آگئی، عمران خان ایک بار ساز باز کر کے اقتدار میں آگئے دوبارہ انکا کوئی چانس نہیں ، سینیٹ الیکشن سے متعلق کچھ نہ ہی کہوں تو بہتر ہے ۔ ہفتہ کو جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہو ں گے یا نہیں میں نہیں جانتی اگر وہ کسی سے رابطے کررہے ہیں تو ان کا حق ہے انہیں رابطے کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز میری طرح پارٹی کے کارکن ہیں، ہم دونوں پارٹی کیلئے خدمات سرانجام دیں گے، حمزہ شہباز نے 2 سال ناحق جیل کاٹی۔ حمزہ شہباز نے بہادری کے ساتھ جھوٹے کیسز کا مقابلہ کیا، دو سال نا حق جیل کاٹی ،ان کی رہائی پر بہت خوشی ہے ان کی رہا ئی سے ہم ایک اور ایک مل کر گیارہ ہو جائیں گے پارٹی جس کو جو ذمہ داری سونپے گی اس کو بخوبی نبھائیں گے۔