لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ کے صدرچودھری شجاعت حسین سے مختلف رہنماؤں نے ملاقات کی اور سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں سالک حسین،سلیم بریار،شافع حسین،محمدخان بھٹی،صباحت الہٰی اوررانا خالدبھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی ذاتی کاوشوں سے پنجاب میں سینیٹ کے تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے،جومثال پنجاب نے پیش کی ہے اس کی تقلید باقی صوبوں کو بھی کرنی چاہئے اور سینیٹ سمیت قومی مسائل پر بھی ایسے ہی یکجہتی کو پروان چڑھایا جانا چاہئے، قومی مسائل پر رابطوں کا رویہ اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی نے دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہوں جن میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور ن لیگ کے سرکردہ رہنماؤں سے بات کر کے انہیں اعتماد میں لیا اور انہی رابطوں کی وجہ سے تمام امیدوار بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کی مثال ماضی میں بھی ملتی ہے اس کا سہرا بھی ہمارے خاندان کے سر جاتا ہے، ہم نے بات چیت کے ذریعے ہی صوبہ سرحد (موجودہ کے پی کے) میں سینیٹ کا معاملہ حل کروایا تھا جب سردار تنویر اکیلے امیدوار رہ گئے تھے،سب نے کوشش کی لیکن انہوں نے ہمارے کہنے پر ہی دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور حاجی بلور، غلام احمد بلور اور دیگر رہنما بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے تھے۔