• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کے شدید خطرات ہیں، زرداری کی کرپشن چھپانے کیلئے وزارت عظمیٰ قربان کرنیوالا پھر قربانی کا بکرا، شیخ رشید

زرداری کی کرپشن چھپانے کیلئے وزارت عظمیٰ قربان کرنیوالا پھر قربانی کا بکرا، شیخ رشید


اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر حفیظ شیخ ہی سینیٹ انتخابات جیتیں گے ، زرداری کی کرپشن چھپانے کیلئے وزارت عظمیٰ کی قربانی دینے والے کو ایک بار پھرقربانی کا بکرا بنا دیا گیا ہے ، اتوارکوپریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئےشیخ رشیدنے کہا کہ وہ ایجنسیوں کے بارے میں منفی باتیں کرتے ہیں، تحریک انصاف میں کوئی پھوٹ نہیں اور اگر کوئی وزیر اعظم عمران خان کیساتھ غداری کرتا ہے اس کا سیاسی سفر ختم سمجھیں، حمزہ شہباز کی رہائی سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اگر کوئی رہا ہوجائے تو میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ غلط ہوا کیونکہ عدالتیں آزاد ہیں ، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پڑھے لکھوں کی سیاسی جماعت ہے ، میرا ان کے کسی رہنما سے کوئی رابطہ نہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ بھی سینیٹ میں ڈاکٹر حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی۔شمالی وزیر ستان میں چار خواتین کے قتل بارے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد اکٹھے ہوچکے ہیں اور پاکستان میں دہشتگردی کے شدید خطرات ہیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، 23 مارچ کو مسلح افواج کی پریڈ ہے۔ 24 مارچ کو بڑا کھانا ہو گا،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے درخواست ہے کہ وہ اپنے احتجاج کو دو چار دن آگے لے جائیں اور اگر نہیں لے جانا چاہتے تو ان کی مرضی ہے۔انتظامیہ سےاجازت لے کر آئیں تو اچھی بات ہے ،ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی اور اگر وہ ہم سے رابطہ کریں تو ان کیلئے پانی اور دیگر بندوبست کریں گے۔ا نہو ں نے اپوزیشن قیادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ27 فروری 2020ء کو بھارت منہ کی کھانی پڑی لیکن کسی اپوزیشن لیڈر نے بھارت کیخلاف کوئی بیان جاری نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کی بھی ہو ،فوج کیساتھ اچھے تعلقات سے ملک ترقی کرے گا، پاکستان2008اور 2012 میں ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ تھا۔ 27 میں 24 نکات پورے ہوگئے ہیں۔ رواں برس دیگر 3 نکات بھی عملدرآمدکریں گے،جس کے بعد فیٹف کا چکر ختم ہوجائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ عرب ممالک پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں ، بھارت کے ساتھ پر امن تعلقات کے خواہش مند ہیں لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر ایک طرف رکھ کر بھارت سے بات چیت ملک و قوم اور کشمیریوں کیساتھ غداری ہوگی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آن لائن ویزا کی سہولت فعال کردی گئی ہے۔ اگر آئی ایس آئی، آئی بی اور ایف آئی اے نے ایک ماہ میں ویزا کے خواہش مندوں کی درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا تو وزارت داخلہ 30 دن کے اندر ویزا جاری کردے گی ۔ ایف آئی اے کو خبردار کرچکا ہوں کہ وہ اپنے معاملات کو درست کرے ،ایف آئی اے سےکالی بھیڑوں کو بے دخل کردیا جائے گا۔

تازہ ترین