• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل او سی پر جنگ بندی، پاک بھارت معاہدہ خوش آئند، حسن نثار


کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں ایل او سی پر جنگ بندی کا معاہدہ خوش آئند ہے، روحانی و مذہبی شخصیات کو الگ رکھیں تو میری نظر میں ہیرو صرف سائنسدان ہوتے ہیں جو بلارنگ و نسل، مذہب و ملک لوگوں کی زندگیاں تبدیل کردیتے ہیں۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان مریم ظفر سے گفتگو کررہے تھے۔ سوال ہمارے ہیروز کون ہیں؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ انسانیت کا ہیرو وہ ہوتا ہے جو انسانوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرے، روحانی و مذہبی شخصیات کو الگ رکھیں تو میری نظر میں ہیرو صرف سائنسدان ہوتے ہیں جو بلارنگ و نسل ، مذہب و ملک لوگوں کی زندگیاں تبدیل کردیتے ہیں

سائنسدانوں کے بعد ہیرو اہل قلم ہوتے ہیں، اداکار، گلوکار، ماڈلز، کھلاڑی ہیرو نہیں تفریح فراہم کرنے والے ہوتے ہیں، مغرب نے ہم جیسی پسماندہ قوموں کیخلاف کوئی سازش کی تو یہ ہے کہ اپنے اصل ہیروز کو ہم سے چھپا کر رکھا، انہوں نے ہم جیسی پسماندہ قوموں کیلئے اپنے اداکارو، گلوکاروں، کھلاڑیوں کو ہیروبنا کر پیش کیا تاکہ ہمارے بچوں کے رول ماڈلز وہی بنیں۔

پاک انڈیا ڈی جی ملٹری آپریشنز کے رابطے پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں ایل او سی پر جنگ بندی کا معاہدہ خوش آئند ہے، پاکستانیوں اور بھارتی دوستوں کو امن کیلئے اس مثبت اور بالغ نظری پر قدم اٹھانے پر مبارکباد دیتا ہوں، ہم لوگوں نے بے شمار صدیاں اکٹھی گزاری ہیں، نفرتوں اور محبتوں کے ساتھ ایک دوسرے کیلئے قربانیوں کی داستان ہے۔

تازہ ترین