اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نااہلی درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اپریل کو معاونت طلب کر لی ہے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے بھی رائے طلب کی ہے کہ کیا پارلیمنٹ میں ایسے معاملے حل کرنے کا کوئی فورم موجود نہیں؟ اگر فورم موجود نہیں تو کیا اس پر کوئی قائمہ کمیٹی بنائی جا سکتی ہے؟ منتخب نمائندوں کیخلاف ایسی درخواستیں سننا عدالتوں کا کتنا اختیار ہے؟ گزشتہ روز چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی آصف علی زرداری اور ایک صحافی کی جانب سے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی نااہلی کی درخواستوں کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے کہا کہ 4 اپریل 2019 کو نوٹس جاری ہوئے تھے لیکن ابھی تک جواب جمع نہیں کرایا گیا، میں ہر پوائنٹ پر دلائل دینے کیلئے تیار رہا ہوں، چیف جسٹس نے کہا کہ جب متبادل فورم موجود ہے تو عدالت اس معاملے میں مداخلت کیوں کرے؟ سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کے مقدمات الیکشن کمیشن کو ریفر کئے تھے، اگرچہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں لیکن اسکے باوجود سپریم کورٹ نے کیسز الیکشن کمیشن کو بھیجے۔