• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خفیہ رائے شماری سے سینیٹ الیکشن کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد ( نمائند ہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت آرٹیکل 226 کے تحت خفیہ رائے شماری کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے، حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم اور سینیٹ انتخابات میں اکثریت کی نشستیں حاصل کرنے کے لئے پرامید ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ اور بدعنوانیوں کی حوصلہ شکنی کے لئے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ حفیظ شیخ ، یوسف رضا گیلانی کے خلاف وفاقی دارالحکومت سے بھاری اکثریت سے الیکشن جیتیں گے،قبل ازیں وزیر داخلہ سے مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق داہروگ نے ملاقا ت کی ، ملاقات میں تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ،شیخ رشید نے کہاکہ پا کستان اور مصرکے تعلقات انتہائی دیرینہ، بین الاقوامی امور پر اکثر یکساں موقف ہے۔

تازہ ترین