لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت قوم کو بے سری لوریاں سناکروقت پورا کررہی ہے۔بحران سے دوچار عوام کی داد رسی کرنے کو کوئی تیار نہیں۔ جماعت اسلامی 12مارچ کو فیصل آباد اور21کو ملتان میں مہنگائی کیخلاف جلسہ کریگی،وافر مقدار میں چینی موجود ہونے کے باوجود ملک بھر میں 100 روپے کلو سے زائدمیں فروخت ہورہی ہے۔یہ چینی مافیا کو نوازنا نہیں تو اور کیاہے؟ حکومت نے فروری میں سب سے کم یوٹرن لئے اور جھوٹ بولے کیونکہ مہینے کے دن کم تھے۔حکومت کے ہزار دنوں میں صرف دعوے ، وعدے اور اعلانات ہیں ، عمل کا خانہ خالی ہے ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں پیدا کی جانے والی اسلاموفوبیا کی لہر کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔اللہ کے نظام کو ہی غالب آناہے ۔ہم فرد کی نہیں اللہ اور رسول کے نظام کی حکمرانی چاہتے ہیں۔