ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے محکمہ ہاوسنگ کی طرف سے لو انکم ہاوسنگ سکیم نیو ملتان کو کمرشل ڈیکلئیر کرنے کے نوٹی فکیشن کو معطل کرتے ہوئے ڈائریکٹر پھاٹا کو ہدایت کی ہے کہ سکیم کے رہائشیوں کو ذاتی شنواِئی کا موقع دیا جائے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔ انہوں نےتحصیل آفس باغ لانگے خان میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں لوانکم ہاوسنگ سکیم کے رہائشیوں کے ایک وفد کو انکے مسائل حل کرنے کے لئے حکومت پنجاب کو سفارشات بھجوانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے اور سکیم کے نمائندہ وفد کو اپنے آفس آنے کی دعوت دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریونیو کچہری میں ریونیو سے متعلق تمام محکمے کے افسران شرکت کرتے ہیں،کچہری کا مقصد عوام کے ریونیو سے متعلق تمام مسائل کو ایک چھت تلے حل کرنا ہے،ڈپٹی کمشنرنے بتایا کہ ریونیو کچہری میں ریونیو ریکارڈ کی درستگی کی جاتی ہے۔فرد کا اجراء اور انتقالات کا اندراج کیا جاتا ہے۔ رجسٹری،انکم سرٹیفکیٹ، ریکارڈ معائنہ اور ڈومیسائل کے مسائل بھی حل کئے جاتے ہیں۔