• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات کل ہورہے ہیں جن کی تیاریاں جزوی طور پر مکمل کرلی گئی ہیں، الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امیدوار بیلٹ پیپر پر بال پوائنٹ سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔

پاکستان میں سینیٹ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں بیلٹ پیپر کی سیکریسی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، ذرائع نے بتایا کہ سینیٹ انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز پر سیریل نمبر یا کوڈ نہیں لگایا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 2 ، کے پی کے اور بلوچستان کی 12، 12 جبکہ سندھ کی 11 نشستوں پر انتخابات 3 مارچ کو ہو رہے ہیں، پنجاب میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات بلا مقابلہ ہوچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کا کام آج مکمل ہو جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ جنرل نشست کا بیلٹ پیپر سفید، خواتین کا پنک، ٹیکنوکریٹ کا سبز اور نان مسلم کا بیلٹ پیپر پیلے رنگ کا ہوگا۔

بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام اردو حروف تہجی کے اعتبار سے پرنٹ کئے جائیں گے، قومی اسمبلی کی جنرل نشست کے بیلٹ پیپر پر حفیظ شیخ کا نام پہلے اور یوسف رضا گیلانی کا نام دوسرے نمبر پر شائع ہوگا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹرز بیلٹ پیپرز پر مہر لگانے کی بجائے بال پوائنٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرے گا، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ووٹر موبائل فون یا ایسی کوئی ڈیوائس ساتھ نہیں رکھ سکے گا جس سے بیلٹ پیپر کی تصویر بن سکے۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے مزید بتایا کہ قومی اسمبلی کی جنرل اور خواتین کی ایک ایک نشست پر سادہ اکثریت لینے والا امیدوار کامیاب قرار پائے گا۔

تازہ ترین