اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس کٹھ پتلی حکومت کو گھر روانہ کرنے کے لئے پی ڈی ایم کی تحریک کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ کوجو کچھ بھی ہم حاصل کریں گے وہ ایک بونس ہوگا۔
منگل کی شام اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان پریشان ہیں کہ وہ گھر جا رہے ہیں۔ ہم اپنی کوششوں میں کامیاب ہوگئے ہیں اسی لئے حکومت ہمارے خلاف کردار کشی کی مہم چلا رہی ہے۔ عمران خان اپنے ہی اراکین کو سنبھالنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم آج جلدی سوئیں گے اور صبح جلدی اٹھ کر ووٹ ڈالیں گے۔ ہم سینیٹ کے انتخابات سیاست اور سیاسی تعلقات پر لڑ رہے ہیں، عمران خان کی طرح ووٹ کے لئے پیسے تقسیم نہیں کر رہے کیونکہ حکومتی اراکین کی میڈیا چینلز کی گفتگو ریکارڈ پر ہے جس میں وہ اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس میں عمران خان نے ان سے ہر ایک کو پچاس کرورڑ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔
عمران خان ریاست کا پیسہ اپنی سیاست کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ ہم پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں سے ووٹ لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ جب ایک جج نے عمران خان کی جانب سے سیاست میں ریاست کا پیسہ استعمال کرنے کا سوال اٹھایا تو عمران خان کو روکنے کی بجائے اس جج کو اپنا کام کرنے سے روک دیا گیا۔
آج ہی پی ٹی آئی کے اراکین نے سندھ اسمبلی میں اپنے منحرف اراکین کو زدوکوب کیا کیونکہ ان اراکین نے صاف کہہ دیا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیں گے ۔ انشااللہ کل ہم آپ کو خوشخبری دیں گے۔ پی ٹی آئی اپنے ہی اراکین کو دھمکیاں دے رہی ہے اور انہیں اپنے امیدواروں کو ووٹ دینے پر مجبور کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان سے سوال کیا کہ وہ اس صورتحال میں اتنے گھبرائے ہوئے کیوں ہیں؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہیں علم ہوگیا ہے کہ وہ ناصرف پاکستانی عوام بلکہ اپنے اراکین اور اتحادیوں کا اعتماد بھی کھو چکے ہیں۔ اب عمران خان کے لئے بھاگنے کے لئے کوئی جگہ نہیں رہی۔
سابق وزیر اعظم اور اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے سینٹ کی نشست کیلئے امید وار سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم جمہوریت کے علمبردارہیں ،ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتے ، ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے اپنے ارکان کو سنبھالیں ہم سیاست ذاتی تعلقات کی بنا پر بھی کرتے ہیں الیکشن میں پیسہ حکومت خرچ کر رہی ہے ۔
دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کے قائدین اور اپنے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا ۔عشائیہ میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ، سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی ، راجہ پرویز اشرف ، سید نیئر بخاری ، فرحت اللہ بابر، شیری رحمٰن ، مسلم کی ن کی طرف سے شاہد خاقان عباسی ، حمزہ شہباز ، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب کےعلاوہ دیگر مرکزی قائدین نے شرکت کی ۔عشائیہ میں آصف علی زرداری ،مریم نواز ، شہباز شریف، خواجہ آصف ، شریک نہیں ہوئے ۔