سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اپنے لوگوں نے انہیں ووٹ دینے سے انکار کردیا۔
اسلام آبا د سے جنرل نشست پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر مریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے، جس نے پی ڈی ایم کو فتح دی۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا، عمران خان کے اپنے لوگوں نے انہیں ووٹ نہیں دیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور اور ووٹ چوروں کو ووٹ نہیں دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپنے ہی لوگوں نے عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے یہ بھی کہا کہ تمہارے پاس اب وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں، کرسی چھوڑ دو۔
مریم نواز نے یوسف رضا گیلانی، پی ڈی ایم اور مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی کو مبارک باد اور شاباش دی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کے اراکین نے نواز شریف کے بیانیے کا مان رکھا، جھکنے اور بکنے سے انکار کر دیا۔