• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوراگ کشیپ، تاپسی پنو و دیگر کی رہائش گاہوں پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ ڈائریکٹر انوراگ کشیپ، اداکارہ تاپسی پنو اور مدھو منٹینا کی رہائش پر محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ مارا۔ مدھو منٹینا کی ٹیلنٹ منیجمنٹ کمپنی ’کوان‘ (Kwaan) کے دفتر پر بھی محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کے پہنچنے کی اطلاع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی کمپنی ’فینٹم فلمز‘ کے ٹیکس چوری کے سلسلہ میں کی گئی ۔ مہاراشٹر کے وزیر اور کانگریس لیڈر اشوک چوہان نے اس کارروائی کو مودی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ٹیکس چوری کے معاملہ میں فینٹم فلمز سے وابستہ جن لوگوں کے خلاف چھاپے مارے گئے، ان میں انوراگ کشیپ، تاپسی پنو، وکاس بہل اور دیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد دیگر لوگوں کا بھی فلموں میں ٹیکس چوری سے تعلق ستلاش کیا جا رہا ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی اور پونے میں تقریباً 20 سے 22 مقامات پر محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے تلاشی لی جا رہی ہے۔ جن ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ہیں ان میں انوراگ کشیپ، تاپسی پنو، مدھو منٹینا، وکاس بہل اور دیگر کے علاوہ فینٹم فلمز اور دیگر تین اداروں کے دفاتر شامل ہیں۔ خیال رہے کہ انوراگ کشیپ، مدھو منٹینا، وکرمادتیہ موٹوانی اور وکاس بہل نے سال 2011 میں فینٹم فلمز کا قیام کیا تھا۔ تاہم اس کمپنی کو سال 2018 میں ہی بند کر دیا گیا تھا۔مہاراشٹر حکومت میں کابینہ وزیر اور کانگریس کے لیڈر اشوک چوان نے سوال اٹھاتے ہوئے اسے مودی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ جبکہ شیو سینا کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے ٹوئٹ کیا کہ امید ہے کہ ہمارے ملک کا محکمہ انکم ٹیکس جلد غلامی کی صورت حال سے باہر آئے گا۔ ایسی ہی امید ای ڈی اور سی بی آئی کے لیے بھی۔‘‘خیال رہے کہ انوراگ کشیپ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بے باکی سے رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں، جبکہ تاپسی پنو نے نئے زرعی قوانین کے حوالہ سے کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔

تازہ ترین