اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ معیشت صفر ہوچکی، پاکستان کی ترقی کو جس طرح تباہ کیاگیا۔
قوم کبھی معاف نہیں کرےگی، موازنہ کریں تو آج افغانستان بھی پاکستان سے آگے ہے، ، پی ٹی آئی نے سابقہ دونوں حکومتوں کے مجموعی قرضوں سے بھی زیادہ قرض لیا۔
بدھ کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان معاشی لحاظ سے ٹیک آف کرگیا تھا۔
آج معیشت صفر ہو چکی ہے اور مستقبل میں بھی بہتری کی کوئی امید دکھائی نہیں دے رہی۔غریب ایک وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے۔تاریخ اور حقائق گواہ ہیں ، پی ٹی آئی نے سابقہ دونوں حکومتوں کے مجموعی قرضوں سے بھی زیادہ قرض لیا۔
سیاست میں شائستگی کاچلن پی ٹی آئی نے ختم کردیا,اس طرح کی بازاری گفتگو کسی حکومت کے سربراہ نے نہیں کی تھی جو آج ہورہی ہے۔اجتماعی دانش کوبھی بروئے کار لائیں تو ملک کی معاشی ترقی کو واپس لانا آسان نہیں۔
ایک پاکستانی کے طورپر سوچتا ہوں تو موجودہ حالات کو دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں, سوچتا ہوں کہ ملک کو مسائل کی اس دلدل سے کیسے نکالنا ممکن ہوگا۔
موجودہ کرپٹ، نالائق اور نااہل حکومت نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔موازنہ کریں تو آج افغانستان بھی پاکستان سے آگے ہے، پاکستان کے حالات دیکھ کر ہر پاکستانی رنجیدہ ہے۔