اسلام آباد ( نمائندہ جنگ‘آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات سے واضح ہو گیا کہ اپوزیشن جماعتیں کیوں سینیٹ انتخابات سے پیسے کے لین دین اور ہارس ٹریڈنگ کو ختم نہیں کرنا چاہتی تھیں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں جماعتیں اپنے دس سالہ دور حکومت میں سینیٹ انتخابات میں شفافیت نہیں لا سکیں۔
ووٹوں کی خریدو فروخت کے ویڈیو سکینڈل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے کودیکھنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو شفاف طریقے سے تحقیقات کرے گی۔
ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ جو بکنے والے ہوتے ہیں وہ خفیہ بیلٹنگ میں بھی بک جاتے ہیں اور نہیں بھی بکتے، اپوزیشن پہلے کہتی تھی کہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے پھر انہوں نے انتخابات میں حصہ بھی لیا اور اب سینیٹ انتخابات میں بھی حصہ لیا، اس حوالے سے پنجاب میں سب سے بڑا معرکہ ہونا تھا لیکن وہاں انہوں نے کمال کیا اور حصہ بقدر جثہ لے لیا۔
علی حیدر گیلانی کی ویڈیو اور تحریک انصاف کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے ساری زندگی یہی دیکھا ہے کہ الیکشن ایک دن کا ہوتا ہے، بعد میں لوگ اعتراضات کرتے رہتے ہیں۔ تحریک انصاف نے اعتراض داخل کردیا ہے لیکن اس کا فیصلہ آج نہیں آئے گا۔
سینیٹ انتخابات میں خلاف توقع نتائج کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی صوبے سے ایک سینیٹ کی سیٹ سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اپوزیشن نے اسلام آباد کی ایک سیٹ کو سیاسی معاملہ بنادیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے الیکشن کو الیکشن پلس کردیا ہے۔