• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمبلی اجلاس ختم کر کے اسپیکر چور کی طرح بھاگے: شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کو اچانک اسپیکر نے ختم کر دیا، جس طرح چور بھاگتے ہیں، اس طرح اسپیکر بھاگے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ شکست کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لیں گے، 12 گھنٹے نہیں گزرے کہ اسپیکر ڈائس چھوڑ کر بھاگ گئے، وزیرِ خزانہ کی کمپین وزیرِ اعظم عمران خان نے خود چلائی، انہوں نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لیں گے، عمران خان نیازی ہاؤس کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومتی بنچوں پر بیٹھے 17 افراد نے ان کے خلاف ووٹ دیا، حکومت اکثریت کھو چکی ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل نئے الیکشن ہیں، جعلی اعتماد کا ووٹ لینے اور اسمبلی دھونس دھاندلی سے چلانے کا وقت ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن ہوں، عوام نئی حکومت منتخب کریں، 2018ء کا الیکشن عوام کو صرف مہنگائی دے سکا، جتنی جلدی الیکشن کریں گے سیاسی بحران ختم ہو گا، یہ اپوزیشن کی ڈیمانڈ ہے، حکومتی بنچوں کی ڈیمانڈ ہے جس کا اظہار کل ہوا، انہیں ووٹ ڈالنا نہیں آتا، تمہارا کھیل ختم ہوگیا ہے، میدان میں آؤ۔


سابق وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ عوام پی ٹی آئی ممبران کی آواز میں بول چکے ہیں، بہت سے ممبران موجود تھے جو ووٹ نہیں دینا چاہتے تھے، یہ فتح عوام اور جمہوریت کی فتح ہے، عوام نے کل 2018ء کے انتخابات کا جواب دے دیا ہے، پی ٹی آئی کے ممبران تنگ ہیں، حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی حکومتیں ملک کے مسائل کا حل نہیں، ڈائیلاگ انتخابات کے بعد ہوں گے، یہ اتنے کرپٹ ہیں کہ ووٹ بھی نہیں ڈال سکے، انکوائریاں کیا بند کر رہے ہیں، نیب کو بند ہونا چاہیئے، نیب چیئرمین کو براڈ شیٹ کا جواب دینا پڑے گا۔

تازہ ترین