• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف نے لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوان ہلاکر رکھ دیے،مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نےجیل جانا بھی برداشت کیا، اپنی والدہ کی موت کو بھی برداشت کیا، نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوان ہلاکر رکھ دیے، ثابت ہوگیا کہ نوازشریف ٹرینڈ سیٹر ہیں۔

اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ظلم کے اس دور میں کارکنوں نے جس طرح ساتھ دیا تا زندگی شکر گزار رہوں گی، پرویز رشید کو جس طرح ظلم اور ستم کا نشانہ بنایا گیا ان سے درخواست ہے میری جگہ اسٹیج پر بیٹھیں۔


 مریم نواز نے کہا کہ پرویز رشید کو نوازشریف کا ساتھ دینے پر نااہل کیا گیا، مسلم لیگ ن آخر تک پرویز رشید کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کارکنوں کو مبارک باد کہ آپ کو کوئی ڈرا اور دھمکا نہیں سکا، ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ 83 کے 83 ارکان نے نوازشریف کے بیانیے پر لبیک کہا، ارکان نے نواز شریف کے کہنے پر ڈسپلن کا مظاہرہ کیا اور یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ سمجھتے تھے جیلوں میں رہنماؤں کو بند کرکے مسلم لیگ ن کو توڑ لیں گے، مسلم لیگ ن نہیں ٹوٹی، توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آفرین ہے آپ نے نوازشریف کا سر جھکنے نہیں دیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 22 کروڑ عوام جھولیاں اٹھا کر عمران خان کو بددعائیں دے رہے ہیں، کسی بھول اور غلط فہمی میں مت رہنا کہ نوازشریف کا ووٹر اور سپورٹر صرف الیکشن کے دن ووٹ ڈالنے نکلتا ہے، کہتے تھے نواز شریف کے بیانیہ کا بوجھ بھاری ہے کون اٹھائے گا، نواز شریف کے بیانیہ کا بوجھ کارکنان نے اٹھایا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج نواز شریف کے بیانیہ کا بوجھ پورا پااکستان اٹھا رہا ہے، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ سر چڑھ کے بول رہا ہے، کسی بھول میں مت رہنا نواز شریف کا کارکن جاگ گیا ہے، نواز شریف کا ووٹر دھاندلی کے خلاف نکلا، نواز شریف کے کارکن عوام کے جیبوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔

تازہ ترین