• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی تقریر ہارے ہوئے شخص کی تقریر تھی، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ہارے ہوئے شخص کی غصے میں کی گئی تقریر تھی، عمران خان کے کانوں سے دھواں نکل رہا تھا۔

اسلام آباد میں بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  مریم نواز نے کہا  کہ ابھی صفحہ صرف ہلا ہے تو لوگوں نے دباؤ میں آنا اور ڈرنا چھوڑ دیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت پر بلاول بھٹو زرداری اور وفد کو مبارک باد دی،  یوسف رضا گیلانی کی جیت پر پی ڈی ایم اور پوری قوم نے جشن منایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ان کو دن میں تارے دکھائے، ان کو اب سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کریں۔


مریم نواز نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کا خطاب نہیں سنا مجھے بتایا گیا کہ وہ ایک ہارے ہوئے شخص کا خطاب تھا، لگتا ہے عمران خان غصے میں تھے اور ان کے کانوں سے دھواں نکل رہا تھا، عمران خان کو لگ رہا تھا جیسے وہ اب بھی کنٹینر پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس الیکشن کمیشن کو کہہ رہے ہیں جس کو انہوں نے خود لگایا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ جن کو آپ بکاؤ کہہ رہے ہیں ان سے کس منہ سے اعتماد کا ووٹ لیں گے، آپ نے ارکان کو 50 کروڑ روپے فنڈز دینے کا کیوں کہا؟، آپ کون ہوتے ہیں سرکاری خزانے کا منہ ممبر کو روکنے کے لیے کھولیں، اس پیسے کا بھی نام لیں جو آپ نے چلانے کی کوشش کی۔

تازہ ترین