• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کو عمران خان کا آخری خطاب مبارک ہو، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کو عمران خان کا آخری خطاب مبارک ہو، اب یہ روئیں، چیخیں، ماریں یا پیٹیں، یوسف رضا گیلانی جیت چکے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان جو اعتماد کھو چکے ہیں، وہ کس سے واپس مانگ رہے ہیں۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب آج غیرت و جرات کا مظاہرہ کرتے اور استعفیٰ دیتے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آج اُدھار کی کُرسی پر بیٹھ کر خطاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ  جنہیں وہ بکاؤ مال کہہ رہے ہیں اُن سے ہی اعتماد کا ووٹ لیتے شرم آنی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ جن کو بکاؤ مال کہہ رہے ہیں وہ آپ کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے۔ اپنے ہی ارکان کو چور کہتے ہیں، انہی سے اعتماد کا ووٹ بھی لیں گے؟ کوئی شرم؟ کوئی حیا؟

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حفیظ شیخ کے ہارنے کا غصہ اپوزیشن، الیکشن کمیشن اور عوام پر نکالا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ رٹے رٹائے خطاب کے ڈرامے چھوڑیں، سامان باندھیں اور قوم کی جان چھوڑیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ قوم نے ہارے ہوئے شخص کا ہارا ہوا خطاب سنا، ووٹ چوری کرکے سیلیکٹڈ کو قوم پر مسلط کرنا کونسی جمہوریت ہے؟

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اربوں روپے میں سینیٹ کے ٹکٹ بیچ کر عمران خان نے ایمان داری کا لیکچر دیا۔

تازہ ترین