پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما صداقت علی عباسی کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام ہوا ہے۔
یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما صداقت علی عباسی نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔
وہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
صداقت علی عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو دھاندلی روکنے کے احکامات دیئے تھے، ارکانِ اسمبلی اس لیے بکتے ہیں کہ خریدار موجود ہوتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی نہیں نوٹوں کی کامیابی ہوئی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ اراکین کے بکنے اور خریدنے کا دھندا چل رہا ہے، جسے ہم ختم کرنا چاہتے ہیں۔